پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدراورقائد حزب اختلاف شہبازشریف کا کہنا ہے کہ جنگ ستمبرمیں دشمن نے ہمیں للکارا اورمنہ کی کھائی۔
نجی ٹی وی کے مطابق شہبازشریف نے یوم دفاع پاکستان پرپیغام میں کہا کہ جنگ ستمبرہمارے شہیدوں، غازیوں اورشہریوں کی لازوال شجاعت وبہادری کی داستان ہے، شہدا کو قوم کا عقیدت بھرا سلام پیش ہے، عہد کرتے ہیں ان کی روشن روایت پرچلیں گے۔
شہبازشریف نے کہا کہ آج کے دن پاکستانیوں نے ثابت کیا کہ کوئی ان کی آزادی نہیں چھین سکتا، عظیم پاکستانیوں نے دشمن پرثابت کردیا کہ ہمیں آزادی اپنی جان سے زیادہ پیاری ہے۔ جنگ ستمبرمیں دشمن نے ہمیں للکارا اورمنہ کی کھائی اوردشمن نے کشمیر پر غاصبانہ قبضے سے آج پھرللکارا ہے۔آج بہادر کشمیریوں سے عہد وفا کا دن ہے۔
انہوں نے کہا کہ اپنا لہو بہا کرکشمیرکی آزادی کا پہرہ دیں گے۔ اللہ تعالی کے فضل وکرم اور مدد سے جنگ ستمبر کے جذبے سے دشمن کے دانت پھر توڑیں گے۔
شہبازشریف نے کہا کہ آج بھی ہمیں جنگ ستمبر کا سبق ذہن میں رکھ کرنئے چیلنجوں کی تیاری کرنا ہوگی، پاکستان کو جوہری قوت بنانے والے بھٹوسے نوازشریف تک سب کا شکریہ ادا کرتے ہیں، پاکستان کو معاشی قوت بننا ہوگا، یہ ہمارے قومی مفاد اور سلامتی کا معاملہ بن چکا ہے۔
وم دفاع کے موقع پر اپوزیشن لیڈر اور ن لیگ کے صدر شہبازشریف نے لائن آف کنٹرول پر شہید ہونے والے لائنس نائیک تیمور اسلم کے گھر کا دورہ کیا اور اہل خانہ سے ملاقات کی ۔
شہبازشریف نے ملاقات کے بعد ٹویٹر پر لانس نائیک تیمور کی ننھی پری کو اپنی گود میں اٹھائے ہوئے تصویر جاری کی اور ساتھ پیغا م لکھا کہ ” میں نے شہید تیمور اسلم کے گھر کا آج دورہ کیا جو کہ چند ہفتے قبل لائن آف کنٹرول پر شہید ہوئے ، یہ ان کی چھ ماہ کی پیاری سی بیٹی ہے جو کہ اپنے والد کو دوبارہ کبھی نہیں دیکھ پائے گی ۔اللہ اس پر اور اس کے اہل خانہ پر اپنی خاص رحمت فرمائے ، ہم اپنے شہداءکا عظیم قربانیوں پر شکریہ ادا کرتے ہیں ۔
یاد رہے کہ لائنس نائیک تیمور اسلم 15 اگست کو لائن آف کنٹرول پر شہید ہوئے تھے جس کے بعد ان کا جسد خاکی لاہور میں ان کے آبائی علاقے والٹن میں لایا گیا جہاں پاک فوج کے حکام کے علاوہ عوام نے بڑی تعداد میں ان کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔