پاکستان پیپلزپارٹی اور اے این پی کی پی ڈی ایم میں واپسی کی راہ ہموار کی گئی ۔فائل فوٹو
پاکستان پیپلزپارٹی اور اے این پی کی پی ڈی ایم میں واپسی کی راہ ہموار کی گئی ۔فائل فوٹو

شہباز شریف سے مولانا فضل الرحمن کی ملاقات

پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف اور جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کے درمیان ملاقات ہوئی۔

مولانا فضل الرحمن اسلام آباد میں دھرنے کے حوالے سے شہباز شریف سے ملاقات کے لیے لاہور میں ان کی رہائش گاہ ماڈل ٹاؤن پہنچے۔ جہاں مسلم لیگ ن کے دیگر رہنما راجہ ظفرالحق، احسن اقبال، ایاز صادق، خرم دستگیر، مریم اورنگزیب سمیت دیگر موجود تھے جبکہ مولانا فضل الرحمن کے ہمراہ اکرم درانی اور مولانا امجد تھے۔

دونوں جماعتوں کے سربراہان کے درمیان ملاقات میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال اور اہم قومی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ اسلام آباد لاک ڈاؤن کے حوالے سے بھی تفصیلی بات ہوئی۔

ملاقات میں حکومت کے خلاف آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے بھی بات کی گئی۔

کچھ روز قبل ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا تھا کہ لاک ڈاؤن  کے حوالے سے جے یو آئی (ف) نے حکمت عملی تیار کرلی جس کے مطابق ہر ضلع سے 200 سے زائد رضاکار تیار کیے جائیں گے۔

دس ہزار رضاکاروں کو دھرنے سے قبل ہی اسلام آباد پہنچا دیا جائے گا جبکہ پہلے سے موجود رضاکار دھرنے کی سیکیورٹی اور دیگر انتظامات پر مامور ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق مختلف مقامات سے نکلنے والے قافلے روکے جانے کی صورت میں ان ہی مقامات پر دھرنے دیے جائیں گے۔