جعلی اکاؤنٹس کیس میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ منگل کو قومی احتساب بیورو(نیب) کے سامنے پیش نہیں ہوں گے۔
نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعلی سندھ نے نیب کو خط لکھ کر اس حوالے سے آگاہ کردیا ہے۔مراد علی شاہ نے خط میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ انہیں نیب کا نوٹس تاخیر سے ملا اور ملاقات کے لیے کوئی اور دن مقرر کیا جائے۔
نیب حکام نے بھی خط موصول ہونے کی تصدیق کردی ہے۔ اس سے قبل بھی نیب نے وزیراعلیٰ سندھ کو طلب کیا تھا تاہم وہ پیش نہیں ہوئے تھے۔
نیب مراد علی شاہ کے خلاف متعدد مقدمات میں تفتیش کر رہا ہے اور انہیں 24 ستمبر کو سوال و جواب کے لیے طلب کیا گیا تھا۔
نیب مراد علی شاہ سے اومنی گروپ کیس، جعلی اکاؤنٹ کیس، ٹھٹھہ اور دادو میں شوگر ملز سے متعلق معاملات میں تفتیش کر رہا ہے۔