سعودی عرب کی بھارت کے ساتھ قربتیں

سعودی عرب بھارت میں معاشی ترقی کے امکانات کے مدنظر پیٹرو کیمیکل، بنیادی ڈھانچہ اور کانکنی سمیت دیگر شعبوں میں 100 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے کے امکانات دیکھ رہا ہے۔

سعودی عرب کے سفیر ڈاکٹر سعود بن محمد الساطی نے کہا کہ  بھارت سرمایہ کاری کے لحاظ سے ایک پرکشش ملک ہے اورسعودی عرب تیل، گیس اور کانکنی جیسے اہم شعبوں میں ایک طویل مدتی شراکت داری پرغور کررہا ہے۔

بھارتی خبر رساں ادارے کے مطابق انہوں نے کہا ” سعودی عرب، ایندھن، ریفائننگ، پیٹرو کیمیکل، بنیادی ڈھانچہ، زراعت اور کانکنی جیسے شعبوں میں 100 ارب ڈالر سرمایہ کاری کرنے کے مواقع پر غور کر رہا ہے”۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی تیل سپلائی، خردہ ایندھن فروخت، پیٹرو کیمیکل میں آرامکو کا سرمایہ کاری کا منصوبہ ان شعبوں میں کمپنی کی عالمی توسیع کی حکمت عملی کا حصہ ہے۔

الساطی نے کہا کہ سعودی عرب کے شہزادہ محمد بن سلمان کے ویژن 2030 سے بھی دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں کاروبار میں قابل ذکر توسیع ہو گی۔

سعودی عرب ویژن 2030 کے تحت پٹرولیم مصنوعات پر معاشی انحصار کو کم کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ ہندوستان سعودی عرب سے اپنی ضرورت کا 17 فیصد خام تیل اور 32 فیصد ایل پی جی خریدتا ہے۔