کنٹینر کو مرکزی شاہراہ کی بجائے سڑک سے اتارکرنکال لیا گیا۔فائل فوٹو
کنٹینر کو مرکزی شاہراہ کی بجائے سڑک سے اتارکرنکال لیا گیا۔فائل فوٹو

دھرنے کے لیے فنڈنگ کرنے والوں کے کوائف جمع کرنے کا کام شروع

قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مولانا فضل الرحمن کے آزادی مارچ اوردھرنے کے لیے فنڈنگ کرنے والوں کے کوائف جمع کرنے شروع کردیے جبکہ پنجاب میں جے یوآئی (ایف) کے اہم رہنماؤں کی نقل وحرکت پرنظربھی رکھی جارہی ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق جمعیت علما اسلام (ف) کے آزادی مارچ اوردھرنے کے لیے  پارٹی کارکنوں سمیت تاجروں اورکاروباری طبقے سے بھی فنڈزلئے جارہے ہیں۔ حساس اداروں سمیت دیگرمحکموں نے آزادی مارچ اوردھرنے کے لیے بڑے پیمانے پرفنڈنگ کرنیوالے تاجروں ، کاروباری شخصیات کا سراغ لگانا شروع کردیا ہے۔

حساس اداروں کوشبہ ہے کہ پنجاب میں چند بڑی کاروباری شخصیات جو مسلک کی بنیاد پر مولانا فضل الرحمن کے حامی ہیں ان کی طرف سے آزادی مارچ اوردھرنے کے لیے لاکھوں روپے کے فنڈزاوردیگرسہولیات فراہم کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔

کئی تاجراوربڑے دکاندار بھی آزادی مارچ اوردھرنے کے لئے فنڈنگ کررہے ہیں لیکن ان کی تفصیلات ابھی تک سامنے نہیں آسکی ہیں جب کہ جے یوآئی (ف) بھی ان کے نام ظاہرنہیں کررہی ہے۔

ذرائع کے مطابق اگرحکومتی کمیٹی اورمولانا فضل الرحمن کے درمیان مذاکرات کامیاب نہیں ہوتے اورمولانا فضل الرحمن مارچ اوردھرنے کی ضد پرقائم رہتے ہیں تو پھرجماعت کے اہم رہنماؤں کو حراست میں لے کرنظربند کیا جاسکتا ہے۔