کوچ 12 ڈائننگ کار میں الیکٹرک کیٹل کےاستعمال میں تارگرم ہونے سے آگ لگی۔فائل فوٹو
کوچ 12 ڈائننگ کار میں الیکٹرک کیٹل کےاستعمال میں تارگرم ہونے سے آگ لگی۔فائل فوٹو

تیز گام آتشزدگی۔سندھ کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ

سندھ کے ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز ڈاکٹر مسعود احمد سولنگی کی جانب سے تیز گام ٹرین حادثے کے بعد صوبے بھر کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

ڈاکٹر مسعود احمد سولنگی کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق گزشتہ شب کراچی سے لاہور جانے والی تیز گام ایکسپریس میں رحیم یار خان کے قریب 2 گیس سلنڈر اورایک چولہا پھٹنے کے باعث آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ حادثے کے سبب مسافر ٹرین کی 3 بوگیوں میں آگ لگنے سے73 قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا ہے جبکہ بیشتر مسافر جھلس کر زخمی ہوئے ہیں۔

اس صورتحال کے پیش نظر سندھ سے تعلق رکھنے والے حادثے کے شکار مریضوں کے علاج معالجے کے حوالے سے صوبے بھر کے اسپتالوں میں طبی عملے کی موجودگی سمیت تمام ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔

سانحہ تیز گام، سندھ کے اسپتالوں میںایمرجنسی نافذ

نوٹیفکیشن کے مطابق صوبے بھر کے اسپتالوں کے برنس وارڈ میں خصوصی انتظامات کرنے کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ شب کراچی سے لاہور جانے والی تیز گام ایکسپریس میں رحیم یار خان کے قریب سلنڈر پھٹنے سے آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں 73 مسافر جاں بحق ہوگئے، جس میں سے 17 لاشیں ناقابل شناخت ہیں۔

ریلوے ہیلپ لائن

ترجمان ریلوے کے مطابق انتظامیہ کی جانب سے تیزگام ٹرین کے زخمی اور جاں بحق مسافروں سے متعلق معلومات کے حصول کے لیے ہیلپ لائن قائم کردی گئی ہے۔

ترجمان ریلوے نے بتایا کہ ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ، ڈویژنل کمرشل آفیسر اور ڈویژنل میڈیکل آفیسرجائے حادثہ پر موجود ہیں، مندرجہ ذیل نمبروں پر فون کرکے معلومات حاصل کی جاسکتی ہے۔

  • حیدرآباد انکوائری 03003026200 ،لاہور کنٹرول آفس 04299201795 پر معلومات حاصل کی جاسکتی ہے۔
  • سکھر کنٹرول آفس0719310087 ، کراچی02199213528 پر معلومات حاصل کی جاسکتی ہے۔
  • اس کے علاوہ ڈویژنل کمرشل آفیسرکراچی03468328023 پر معلومات حاصل کی جاسکتی ہے۔