وزارت داخلہ نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو علاج کیلیے ملک سے باہر جانے کی اجازت دیدی۔
ذرائع کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ ملنے کے بعد وزارت داخلہ نے نواز شریف کو ایک بار ملک سے باہر جانے کی اجازت دی ہے۔
نواز شریف کا نام بدستورای سی ایل میں شامل رہے گا، سابق وزیراعظم عدالت کے احکامات دیکھا کر جاسکیں گے۔
امیگریشن ذرائع کے مطابق نواز شریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل ہی رہے گا، سابق وزیراعظم کو صرف ایک بار بیرون ملک جانے کی اجازت ملی ہے، قانون کے تحت میاں نواز شریف کا نام ای سی ایل میں شامل ہی رہے گا، علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ انتظامیہ کو ابھی تک ائیرایمبولینس امد کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔
ادھرعدالت سے ریلیف ملنے کے بعد سابق وزیراعظم نواز شریف کی کل بیرون ملک علاج کے لیے روانگی متوقع ہے۔ قطر سے ائیرایمبولینس بھی 19 نومبر کی صبح ہی لاہور پہنچے گی، سابق وزیراعظم کو سفر کے قابل بنانے کے لیے ادویات میں ردوبدل کی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ مسلم لیگ نون کی ترجمان مریم اورنگزیب نے آج اپنے ایک بیان میں بتایا تھا کہ سابق وزیراعظم محمد نوازشریف کل قوم کی دعاؤں میں علاج کے لیے بیرون ملک روانہ ہوں گے، ایئر ایمبولنس بھی کل ہی پاکستان پہنچے گی۔