چیف جسٹس پاکستان جسٹس گلزار احمد نے سپریم کورٹ کراچی رجسٹری کے باہر سندھ گورنمنٹ کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی کے الاٹیزکی جانب سے کیے جانے والے مظاہرے کا نوٹس لے لیا۔
سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں جسٹس فیصل عرب اور جسٹس سجادعلی شاہ پر مشتمل سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ کراچی سرکلر ریلوے کی بحالی سمیت مختلف کیسزکی سماعت کی۔
چیف جسٹس گلزار احمد نے عدالت کے باہر موجود مظاہرین سے درخواستیں طلب کرنے کا کہا جس کے بعد سپریم کورٹ کے سیکیورٹی عملے نے مظاہرین سے درخواستیں وصول کرلیں۔
ذرائع کے مطابق مظاہرین کی درخواستیں سپریم کورٹ انسانی حقوق سیل میں بھیجی جائیں گی۔
احتجاج میں شامل متاثرین کا کہنا تھا کہ سندھ گورنمنٹ کوآپریٹو سوسائٹی 1970ء میں بنی تھی اور ابھی تک ہمیں پلاٹ کا قبضہ نہیں ملا ہے۔