وفاقی حکومت نے کررونا وائرس روکنے کے لیے ملک میں جانوروں اور پرندوں کی درآمد پر پابندی عائد کردی۔
حکومت نے یہ پابندی وزارت صحت کی سفارشات کی روشنی میں عائد کی ہے، جس کے بعد بیرون ملک سے پاکستان میں جانور اور پرندے لانے پر پابندی ہوگی۔
پابندی کا حکم وزارت تجارت نے جاری کیا ہے اور کہا کہ جانوروں اور پرندوں کی درآمد فوری طور پر تاحکم ثانی بند رہے گی۔
حکم نامے کے مطابق جانوروں اور پرندوں کی درآمد سے ملک میں کورونا وائرس پھیل سکتا ہے، ایسی صورت میں کورونا وائرس کو ملک میں پھیلنے سے روکنے کی کوششوں کو نقصان ہوگا۔
ڈائریکٹر جنرل ( ڈی جی) اینمل کورانٹائن ڈپارٹمنٹ کو بھی پابندی پر عمل درآمد کے لیے کہا گیا ہے۔حکم نامے میں کہا گیا کہ پابندی کے حکم پرعملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے تمام اقدامات کیے جائیں۔