وزیرِاعظم عمران خان کہتے ہیں کہ متحدہ عرب امارات نے ہرمشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے، ضرورت پر دوست کا کردارادا کیا۔
نمل یونیورسٹی کے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ مشکل معاشی صورتِ حال میں سعودی عرب اور چین نے بھی معیشت کی بہتری کے لیے پاکستان کی مدد کی ہے۔
عمران خان نے کہا کہ نمل یونیورسٹی سے گریجویشن کرنے والے والدین کی خوشی میں شریک ہوں، یہاں تقریباً 35 پی ایچ ڈیز کا تناسب ہے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا کی پہلی فلاحی ریاست مدینہ میں قائم کی گئی، چین نے بہترین حکمتِ عملی سے اپنے لوگوں کوغربت سے نکالا ہے۔
وزیرِاعظم نے کہا کہ ساری زندگی اپنے دل کی بات سنی ہے، مشکل وقت انسان کو سکھانے کے لیے آتا ہے، جوانسان برے وقت سے ڈرجاتا ہے وہ کبھی اوپر نہیں جا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ دوڑ میں جنون ٹیلنٹ کو پیچھے چھوڑ دیتا ہے، ایک دفعہ میں نے کہا کہ سکون تو قبر میں ہے، جس پر لوگوں نے بڑی باتیں کیں،مذاق اڑایا۔
عمران خان نے کہا کہ دنیا کے سب سے بڑے رہنما نے کہا کہ قبرتک جانے تک جدوجہد کرو، جس کے خواب بڑے ہوں گے، وہ آگے جائیں گے،آسان زندگی کا راستہ تباہی کا راستہ ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے نمل یونیورسٹی کے کانووکیشن سے خطاب کے دوران میانوالی میں موجود ایک پیٹرول پمپ کا بطور خاص ذکر کیا۔انہوں نے کہا نمل یونیورسٹی کے قریب موجود پیٹرول پمپ پر ان کا اکثر آنا جاتا ہوتا تھا۔
انہوں نے کہا کہ یہاں موجودطارق کے پیٹرول پمپ سے تحریک انصاف شروع ہوئی۔اس پمپ کے مالک نے جب پی ٹی آئی میں شمولیت کی خواہش کا اظہارکیا تو خوشی ہوئی۔پھر یہی پمپ میانوالی میں تحریک انصاف کا مرکز بنتا چلا گیا۔اس لئے وہ کہتے ہیں کہ تحریک انصاف اسی پیٹرول پمپ سے شروع ہوئی۔
یاد رہے کہ وزیراعظم نے نمل یونیورسٹی کے ساتویں کانووکیشن میں شرکت کی۔ اس دوران انہوں نے یونیورسٹی انتظامیہ ، اساتذہ اوردیگر ذمے داران کو ان کی کوششوں پر خراج تحسین پیش کیاجبکہ کامیاب ہونے والے طلبا کو مبارکباد دی۔انہوں نے بچوں کے والدین سے کہا کہ وہ خوشی کے اس موقع پران کے ساتھ ہیں۔