سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے چینی انکوائری کمیشن کے سربراہ واجد ضیا کو خط لکھ دیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق شاہد خاقان عباسی نے سابق وفاقی وزیر خرم دستگیر کے ساتھ چینی بحران کی تحقیقات کرنے والے کمیشن کے سامنے پیش ہونے کے لیے ڈی جی ایف آئی اے واجد ضیاکو خط لکھا ہے۔
خط کے متن میں شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ خرم دستگیرکے ساتھ انکوائری کمیشن کے سامنے پیش ہوکر معلومات فراہم کرنا چاہتا ہوں،کرپشن اور بدانتظامی کی بدولت چینی کی قیمتوں میں اضافے پرکمیشن کو معلومات دینا چاہتاہوں۔
شاہد خاقان عباسی نے مزید کہا کہ انکوائری کمیشن کے سامنے پیش ہونے کے لیے مناسب تاریخ اور وقت سے آگاہ کیا جائے۔
واضح رہے کہ وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کی تحقیقاتی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ ملک میں چینی بحران کاسب سے زیادہ فائدہ حکمران جماعت کے اہم رہنما جہانگیر ترین نے اٹھایا، دوسرے نمبر پر وفاقی وزیر خسرو بختیار کے بھائی اور تیسرے نمبرپرحکمران اتحاد میں شامل مونس الٰہی کی کمپنیوں نے فائدہ اٹھایا۔تحقیقاتی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی نااہلی آٹا بحران کی اہم وجہ رہی۔