قومی احتساب بیورو(نیب) نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر و قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کو چولستان ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کیس میں شامل تفتیش کرلیا۔
نیب ملتان کی جانب سے شہباز شریف کو چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کیس میں سوالنامہ بھیجا گیا ہے۔
نیب کا کہنا ہے کہ شہباز شریف سمیت دیگر افراد نےسرکاری اراضی من پسند افراد میں تقسیم کی جبکہ انہیں سوالنامے کا 18 مئی کو جواب جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں بھی شہباز شریف کو آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں نیب لاہور نے طلب کیا تھا تاہم وہ تیسری بار بلانے پر پیش ہوئے تھے۔
شہباز شریف تقریباً دو گھنٹے تک نیب آفس میں موجود رہے تھے جبکہ نیب حکام کا کہنا ہے کہ شہباز شریف منی لانڈرنگ سے متعلق سوالوں کے جواب نہ دے سکے۔
نیب کے مطابق شہباز شریف انویسٹی گیشن ٹیم کو مطمئن نہیں کر سکے تھے جس پرانہیں 2 جون کو دوبارہ طلب کرلیا گیا۔