قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف بھی کورونا وائرس کا شکار ہوگئے۔ صدر پاکستان مسلم لیگ نون کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا۔
شہباز شریف نے ماڈل ٹاؤن رہائش گاہ پر اپنے آپ کو قرنطینہ کرلیا ہے اور ڈاکٹروں کی ہدایات پرعمل کر رہے ہیں۔
لیگی رہنما عطا اللہ تارڑ نے قوم سے شہباز شریف کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی ہے۔انہوں نے کہا شہباز شریف کو ان حالات میں نیب میں طلب کرکے ان کی زندگی کو خطرے میں ڈالا گیا، تحریری طور پر نیب کو متعدد بار آگاہ کیا کہ شہباز شریف کینسرکے مرض میں مبتلا رہے ہیں اور ان کی قوت مدافعت عام لوگوں کی نسبت کم ہے، یہاں تک کہ ویڈیو لنک پر تفتیش کرنے کی پیشکش کی۔
عطا اللہ تارڑ کا کہنا تھا شہباز شریف نے نیب کی پیشی کے علاوہ نہ کسی سے ملاقات کی اور نہ ہی کہیں اور گئے، اگر شہباز شریف کو کچھ ہوا تو عمران نیازی اور نیب ذمے دار ہوں گے، شہباز شریف نے ماڈل ٹاؤن رہائشگاہ پر اپنے آپ کو قرنطینہ کر لیا ہے اور ڈاکٹروں کی ہدایات پر عمل کر رہے ہیں۔