پاک فضائیہ کے سربراہ نے کہا ہے کہ پاکستان کی بہادر مسلح افواج اپنی سرحدوں کی حفاظت کرنا جانتی ہیں۔
یوم دفاع پرمرکزی تقریب ائیر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں منعقد کی گئی۔ سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل مجاہد انورخان تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ائیر چیف نے کہا کہ 7 ستمبر کے یادگار اور تاریخی دن کے موقع پر میں پاک فضائیہ کے ان تمام ہیروزکو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں جو دشمن کی جارحیت کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن گئے اور اس کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا۔
ائیر چیف نے کہا کہ آج ہم اپنے شہدا، غازیوں کے عزم، ہمت اور جذبہ قربانی کو سلام پیش کرتے ہیں اور اس عہد کی تَجدید کرتے ہیں کہ ہم اپنے پاک وطن پر کبھی آنچ نہیں آنے دیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلاشبہ، پاکستان کی بہادرمسلح افواج اپنی سرحدوں اور عوام کی حفاظت کرنا خوب جانتی ہیں اوردشمن کو عبرت ناک شکست سے دو چارکرنے کی بھر پوراہلیت رکھتی ہیں۔
قبل ازیں ائیر چیف نے شہدا کی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اورفاتحہ خوانی کی۔ تقریب میں پرنسپل سٹاف آفیسرز، افسران اور ائیر مینوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔