وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ اس سال کے آخر تک ن اور ش لیگ الگ الگ جماعتیں ہوں گی، ن لیگ پتھر مارنے والی اور ش لیگ سنگ تراش پارٹی ہوگی۔
ریلوے ہیڈ کوارٹرز لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر شیخ رشید کا کہنا تھا کہ لندن اشتہاریوں اور بھگوڑوں کی آماجگاہ بنتاجارہاہے، عدالتوں کے مفرور لوگ لندن میں چھپ رہے ہیں۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ نواز شریف صاحب کیوں قانون اور عدالتی فیصلوں کا احترام نہیں کر رہے اور اب نواز شریف صاحب خود ووٹ کو عزت کیوں نہیں دے رہے؟ آج مارشل لاء کورٹس نہیں، یہ لوگ عدالتوں میں کیسز کا سامنا کریں۔
سانحہ موٹروے پر سربراہ عوامی مسلم لیگ کا کہنا تھا کہ کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر (سی سی پی او) لاہور کا بیان غیر ذمہ دارانہ ہے اور اس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچایا جانا چاہیے۔
وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ 21 ستمبر سے ریلوے کے کرایوں میں کمی کی جا رہی ہے اور تمام ٹرینوں میں ڈائننگ کار کا سلسلہ بحال کیا جارہا ہے، شدید بارشوں اور سیلاب کے باعث بعض ٹرینوں کی آمدو رفت میں تاخیر کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایم ایل ون کے ٹینڈر 20 ستمبر تک ہو جائیں گے، بہت جلد کراچی کو منی ریلوے ہیڈ کوارٹرز بنانے جا رہے ہیں، لاہور کے بہت سے افسران کو کراچی بھیجا جائے گا، ریلوے کی آمدن بڑھانے کے لیے مال گاڑیوں میں اضافہ کریں گے اور گندم اور چینی کی ریلوے کے ذریعے ترسیل شروع کریں گے۔