اسلام آباد: وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ طلال چوہدری کا معزز خاتون رکن قومی اسمبلی کو ہراساں کرنے کا واقعہ افسوس ناک ہے۔
انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں کہا ہے کہ حکومت اس پر ایکشن لے گی اور عائشہ صاحبہ کی اس غنڈا گردی سے ہر صورت حفاظت کرے گی فیصل آباد پولیس کو اس پر فوری ایکشن لینا چاہیے۔ معزز رکن اسمبلی کے گھر پر پولیس سیکیورٹی تعینات کریں اور قانونی کارروائی کریں۔
شہباز گل نے کہا کہ یہ واقعہ مسلم لیگ ن کا اصل چہرہ عوام کے سامنے لاتا ہے۔ طلال چوہدری مریم صفدر صاحبہ کے قریبی اور قابل اعتماد ساتھی ہیں۔ طلال چوہدری کی یہ حرکت مریم صفدر اور تمام مسلم لیگ ن کے لئیے قابل شرم حرکت ہے۔ ماضی میں بھی خواجہ آصف ہوں یا طلال چوہدری ، خواتین بارے یہ نازیبا کلمات کہتے رہے۔
واضح رہے اس سے قبل فیصل آباد میں سابق وزیر مملکت برائے داخلہ اور مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چوہدری پر حملے کا واقعہ پیش آیا جس میں وہ شدید زخمی ہوگئے تھے۔ وزیر اعظم کے معاون خصوصی نے اس سے قبل لاہور کی وزیر صحت کو ٹوئٹ کے ذریعے پیغام دیا تھا کہ طلال چوہدری کے علاج معالجے اور سیکیورٹی فراہم کرنی چاہیے۔
بعدازاں کی جانے والی ٹوئٹ سے تاثر ملتا ہے کہ وزیر اعظم کے معاون خصوصی طلال چوہدری پر ہونےو الے تشدد کو مسلم لیگ ن کی رکن قومی اسمبلی کو ہراساں کرنے کے واقعے سے جوڑ رہے ہیں۔