ڈاکٹرعبداللہ عبداللہ نے وزارت خارجہ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی۔فائل فوٹو
ڈاکٹرعبداللہ عبداللہ نے وزارت خارجہ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی۔فائل فوٹو

پاکستان افغان مسئلے کے پرامن سیاسی حل کا حامی ہے۔ شاہ محمود قریشی

مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہمیں افغان امن عمل کے حوالے سے جاری کاوشوں کے دوران ان شرپسند عناصر پر بھی نظر رکھنا ہوگی جو اس خطے میں امن و استحکام کا خواب  شرمندہ تعبیر ہوتا نہیں دیکھنا چاہتے۔

افغانستان کی اعلیٰ سطح مفاہمتی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹرعبداللہ عبداللہ نے وزارت خارجہ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی۔

انہوں ںے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے مابین گہرے تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں. ہم افغانستان کی علاقائی سالمیت، خودمختاری کا احترام کرتے ہیں. وزیراعظم عمران خان شروع سے کہتے آ رہے ہیں کہ افغان مسئلے کا حل طاقت کے ذریعے ممکن نہیں. آج دنیا، پاکستان کے نکتہ نظر کو سراہ رہی ہے۔

مخدوم شاہ محمود قریشی  نے کہا کہ پاکستان افغانوں کی سربراہی میں، افغانوں کو قابلِ قبول مذاکرات کے ذریعے افغان مسئلے کے پرامن اور دیرپا سیاسی حل کا حامی ہے۔ پاکستان، مشترکہ ذمے داری کو نبھاتے ہوئے، افغان امن عمل میں خلوص نیت سے مصالحانہ کردار ادا کرتا چلا آ رہا ہے۔ امریکہ طالبان امن معاہدہ اور بعد ازاں دوحہ میں بین الافغان مذاکرات کا انعقاد وہ تاریخی اورنادر مواقع ہیں جن سے افغانستان میں دیرپا قیام امن کیلیے امید کی شمع روشن ہوئی.

مخدوم شاہ محمود قریشی  نے کہا کہ پاکستان سمجھتا ہے کہ افغانستان میں قیام امن، خطے کی تعمیر و ترقی کیلیے ناگزیر ہے. ہمیں افغان امن عمل کے حوالے سے جاری کاوشوں کے دوران ان شرپسند عناصر پر بھی نظر رکھنا ہوگی جو اس خطے میں امن و استحکام کو شرمندہ  تعبیر ہوتا نہیں دیکھنا چاہتے.

انہوں ںے کہا کہ افغانستان کی تعمیر و ترقی اور معاشی استحکام کیلیے عالمی برادری کو آگے آنا ہوگا. پاکستان دہائیوں سے مقیم لاکھوں افغان مہاجرین کی  باوقار  وطن واپسی کا خواہاں ہے.

چیئرمین افغان اعلیٰ سطح مفاہمتی کونسل ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ نے افغان امن عمل کو منطقی انجام تک پہنچانے کیلیے پاکستان کی طرف  سے کی جانے والی مخلصانہ، مصالحانہ کاوشوں کو سراہتے ہوئے، وزیر اعظم عمران خان اور وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کیا۔