مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ آج میری نظروں سے وہ ریمارکس گزرے جس میں کہا گیا تھا کہ ایک ملزم یاپھر مجرم باہر بیٹھ کر ہنستاہو گا کہ میں سارے نظام کو بیوقوف بنا کرچلا گیا، مجھے تو ایک لمحے کیلیے بالکل ایسا لگا کہ یہ مشرف کی بات کر رہے ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق مریم نوازکا کہناتھا کہ جس انسان کو بیماری کی وجہ سے حکومت اور عدالتوں نے خود باہر بھیجا آج اسے مجرم اور مفرور قرار دیا جارہاہے لیکن مشرف کو بھی سامنے رکھنا چاہیے، اگر صحیح معنوں میں اس نظام ، آئین اور قانون کا مذاق اڑا کر کوئی پاکستان سے فرار ہواہے تواس کا نام مشرف ہے۔
لاہور میں ن لیگ کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مریم نوازکا کہنا تھا کہ نوازشریف کی تقریر سے عدلیہ، میڈیا، ن لیگ اور عوام کے موقف کو تقویت ملی ہے۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی تقریرکے بعد اظہارکی جو آزادی حاصل ہوئی ہے اس کاکریڈٹ نواز شریف کو جاتاہے۔