وزیراعظم عمران خان نے گستاخانہ خاکوں کا معاملہ ایک بر پھر عالمی فورم پر اٹھانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان اس حوالے سے تمام مسلم ممالک کے سربراہان کو الگ الگ خطوط لکھیں گے۔
ذرائع کے مطابق خط میں معاملے کی حساسیت اور مسلم امہ کے جذبات کو ٹھیس پہنچنے کی بات ہوگی۔
وزیراعظم خط میں مسلم ممالک سے گستاخانہ خاکوں کے معاملے پر اتحاد و یکجہتی کی درخواست کریں گے۔
ذرائع کے مطابق عمران خان نے گستاخانہ خاکوں پر خطوط لکھنے سے متعلق کابینہ اجلاس میں وزراء کو آگاہ کیا۔
وزیراعظم نے دوران گفتگو کہا کہ آزادی اظہار رائے کے نام پر نبی کریم صلی اللّٰہ علیہ وسلم کی شان میں گستاخی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے ملک بھر میں ہفتہ عشق رسول صلی اللّٰہ علیہ وسلم منانے پر غور شروع کردیا ہے۔
وزارت مذہبی امور نے کابینہ اجلاس میں ہفتہ عشق رسول صلی اللّٰہ علیہ وسلم منانے کی تجویز دی تھی۔ وزیراعظم نے وزارت مذہبی امور کی تجویز کے مطابق حتمی پلان تیار کرنے کی ہدایت دے دی۔