اسلام آباد: پیپلز پارٹی کی رہنما سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ سینیٹ انتخابات میں اوپن ووٹنگ ترمیمی بل مسترد ہو گا۔
پیپلز پارٹی کی رہنما شیری رحمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کا ترمیمی بل جلد بازی اور بد نیتی پر مبنی ہے جبکہ حکومتی بل تحریک انصاف کے ذاتی مفاد پر مشتمل ہے۔
انہوں نے کہا کہ اوپن ووٹنگ سے متعلق صدارتی ریفرنس سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہے لیکن فیصلے سے پہلے حکومت کو ترمیمی بل پیش کرنے کی ضرورت کیوں پڑی ؟ چند دن پہلے ترمیم پیش کرنا حکومت کی بوکھلاہٹ کا ثبوت ہے۔
شیری رحمان نے کہا کہ انتخابی اصلاحات ایک بل اور ایک ترمیم سے نہیں ہوتے۔ وزیر اعظم دوسروں پر سینیٹ الیکشن چوری کرنے کا الزام لگاتے ہیں جبکہ صوبائی اراکین اسمبلی کے ریٹ کسی اور نے نہیں خود وزیر اعظم نے لگائے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کو اپنے ارکان پارلیمان پر اعتماد نہیں ہے اور وزیر اعظم نے اپنے ارکان کو ترقیاتی بجٹ نہیں بلکہ رشوت دی ہے۔
رہنما پیپلز پارٹی نے کہا کہ وزیر اعظم نے سینیٹ انتخابات چوری کرنے کی کوشش کی ہے تاہم سینیٹ انتخابات وزیر اعظم کی خواہش مطابق نہیں بلکہ آئین کے مطابق ہوں گے۔