ایک ماحول بنایا جا رہا ہے کہ الیکشن کمیشن سنجیدہ ہی نہیں ۔فائل فوٹو
ایک ماحول بنایا جا رہا ہے کہ الیکشن کمیشن سنجیدہ ہی نہیں ۔فائل فوٹو

عام انتخابات میں الیکٹرانک ووٹنگ متعارف کرانا چاہتے ہیں، وزیراطلاعات

وفاقی وزير اطلاعات شبلی فراز کہتے ہيں کہ وزيراعظم سينيٹ انتخابات شفاف بنانے کیلئے پوری کوششيں کررہے ہيں ليکن قوم جان چکی ہے کہ کون رکاوٹ بن رہا ہے، آئندہ عام انتخابات میں الیکٹرانک ووٹنگ متعارف کرانا چاہتے ہیں۔ فيصل واؤڈا کو ٹکٹ دینے کا دفاع کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سينيٹ ميں اُن جيسا بولنے والا کوئی نہيں ہے۔
وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہوا جس میں اہم فیصلے کئے گئے، اس حوالے سے صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا کہ حکومت چاہتی ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی آئندہ انتخابی عمل میں بھی حصہ لیں اور ووٹ ڈالیں، بیرون ملک مقیم پاکستانی ملک کی اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے انتخابات میں شفافیت یقینی بنانے پر زور دیا تاکہ سب لوگ انتخابی عمل پر اعتماد کریں اور کوئی اس کی ساکھ پر سوال نہ اٹھا سکے، آئندہ ماہ ہونیوالے سینیٹ انتخابات کیلئے تحریک انصاف کی کوششوں کا مقصد اس عمل میں شفافیت یقینی بنانا ہے۔
شبلی فراز کا مزید کہنا تھا کہ آئندہ عام انتخابات میں الیکٹرانک ووٹنگ سسٹم متعارف کرانے کی کوشش کررہے تاکہ اس عمل میں شفافیت اور غیر جانبداری کو یقینی بنایا جاسکے، لوگوں کو ان عناصر کا علم ہوگیا ہے جو سینیٹ انتخابات میں پیسے کے زور پر کامیاب ہونا چاہتے ہیں۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان نے کابینہ اجلاس کے دوران متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ بیحرمتی اور خواتین و بچوں پر مجرمانہ حملوں کے واقعات کی روک تھام کیلئے مؤثر اقدامات کریں، وزیراعظم نے ایسے واقعات میں نمایاں کمی نہ ہونے پر تشویش کا بھی اظہار کیا۔
شبلی فراز نے کہا کہ حال ہی میں منظور کئے گئے وراثت بل کے ذریعے قانونی ورثاء کو جانشینی سرٹیفکیٹ دینے کا عمل آسان ہوگیا ہے۔