روہڑی میں سانگی ریلوے اسٹیشن کے قریب کراچی ایکسپریس پٹڑی سے اترگئی جس کے نتیجے میں 9 بوگیاں الٹ گئیں، حادثے میں ایک خاتون جاں بحق جبکہ 40 مسافر زخمی ہو گئے۔
نجی ٹی وی کے مطابق ہفتے اوراتوارکی درمیانی رات روہڑی اور پنوں عاقل کے درمیان لاہور جانے والی کراچی ایکسپریس کی 9 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں، جن میں سے 4 کھائی میں جا گریں۔ حادثے میں ایک خاتون جاں بحق اور بچوں سمیت 40 افراد زخمی ہو گئے، جن میں سے 30 افراد کو ابتدائی طبی امداد کے بعد اسپتال سے فارغ کر دیا گیا ہے، جبکہ 10 زخمی زیرِ علاج ہیں۔
ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے نتیجے میں جاں بحق خاتون کی شناخت عظمیٰ کے نام سے ہوئی ہے۔ سکھر ڈویژن میں اکثر مقامات پر ٹریک خستہ حال ہے۔ سی پیک کی وجہ سے سکھر ڈویژن میں ٹریک کو اپ گریڈ نہیں کیا جاسکا۔ حادثہ بھی بوگیوں کو ایک دوسرے سے جوڑنے والے کمپلین ٹوٹنے کی وجہ سے پیش آیا۔
حادثے کے باعث ٹرینوں کی آمد و رفت کئی گھنٹے معطل رہنے کے بعد بحال کر دی گئی ہے تاہم اس دوران کراچی جانے والی 7 اور لاہور پہنچنے والی 8 ٹرینیں تاخیر کا شکار ہوئی ہیں۔
پاکستان ریلویز کی جانب سے روہڑی اور پنوں عاقل کے درمیان پیش آنے والے ٹرین حادثے میں جاں بحق خاتون کے اہلخانہ کے لیے 10 لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا گیا ہے، جاں بحق خاتون عظمیٰ کراچی سے ساہیوال جا رہی تھیں۔
آئی جی ریلویز کا کہنا تھا کہ ریسکیو آپریشن مکمل کرلیا گیا، سرچنگ اور ریلوے ٹریک کی بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے، امدادی کارروائیوں میں پاک فوج اوررینجرزکے جوان بھی مصروف ہیں۔
ابتدائی طور پر حادثے کا سبب بوگیوں کی کمپلنگ ٹوٹنا بتایا گیا ہے۔ وزیر ریلوے اعظم سواتی کا کہنا ہے کہ ریسکیو آپریشن کی براہ راست مانیٹرنگ کی، ٹریک جلد ازجلد بحال کرنےکی کوشش کررہے ہیں۔ حادثے سے متعلق رپورٹ 4 سے5روز میں مل جائے گی، جو بھی غفلت کا مرتکب پایا گیا اس کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔