غصہ کی زیادتی سے نجات
عام طور پر دیکھنے میں آیا ہے کہ کمزور اعصاب لوگوں کو زیادہ غصہ آتا ہے اور بعض لوگ ماحول کی سخت گیری، احساس محرومی یا احساس برتری کی بنا پر بھی مغلوب الغضب ہو جاتے ہیں۔ یہ بھی دیکھا گیا ہے کہ گھر سے باہر یا دوستوں میں نہایت محتمل مزاج اور حلیم الطبع حضرات گھر میں بیوی بچوں کے سامنے غصیلے بن جاتے ہیں۔ ایسے لوگوں میں کسی نہ کسی طرح جذبہ اقتدار کار فرما ہوتا ہے۔ بہر کیف صورت حال کوئی بھی ہو، اگر وہ شخص خود اس غصے سے نجات پانا چاہے تو وہ غصے کے وقت پانی پر ایک مرتبہ درود شریف اور ایک مرتبہ یا ودود پڑھ کر دم کرے اور تین سانس میں یہ پانی پی لے۔ گھر کے دوسرے افراد کسی ایک یا کئی افراد کے غصے سے نجات پانا چاہیں تو اس پانی کو اس صراحی یا مٹکے میں ڈال دیں، جس سے سب گھر والے پانی پیتے ہوں۔
کام میں دل لگانا
غیر مستقل مزاجی اور معاشی کاموں میں عدم دلچسپی ختم کرنے کے لئے ہر نماز کے بعد تسمیہ شریف کے ساتھ سو مرتبہ کلمہ طیبہ، المہیمن العزیز الجبار المتکبر، پڑھ کر ایک مرتبہ درود شریف پڑھیں اور دعا کریں۔ اس عمل سے خدا تعالیٰ نے چاہا تو کام میں دل بھی لگے گا اور مستقل مزاجی بھی نصیب ہوگی۔
کتے کے کاٹے کا علاج
اگر کسی کو کتے نے کاٹا ہو تو اس سے طبی علاج کے ساتھ درجہ ذیل عمل بھی کرنا چاہئے۔ سورۃ المائدۃ کی آیت نمبر 3 مکمل۔ گیارہ مرتبہ پڑھ کر تین مرتبہ درود شریف پڑھ کر پانی پر دم کرکے تین دن روزانہ تین وقت پلائیں۔ اس سے کتے کے کاٹے کو فائدہ ہوگا۔