سیالکوٹ: قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 75 ڈسکہ میں ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ کا عمل جاری ہے۔
قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 75 ڈسکہ میں ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ کا عمل جاری ہے جو شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی، حلقہ میں پی ٹی آئی کے علی اسجد ملہی اور ن لیگ کی نوشین افتخار میں کانٹے کا مقابلہ ہے جب کہ تحریک لبیک کے امیدوار خلیل سندھو بھی انتخابی عمل میں حصہ لے رہے ہیں۔
ضمنی انتخاب کے دوران حلقہ میں عام تعطیل ہے جب کہ امن وامان برقرار رکھنے کے لیے سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں، رینجرز اور پولیس کے دستوں کو تعینات کیا گیا ہے۔ تین سو ساٹھ پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں جس میں سے 47 کو حساس قرار دیا گیا ہے جب کہ شفاف اور پرامن انتخاب کے لیے چیف الیکشن کمشنر خود انتخاب کی نگرانی کریں گے۔
واضح رہے کہ فروری میں سیالکوٹ کے حلقہ این اے 75 ڈسکہ میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں پرتشدد واقعات ہوئے، فائرنگ کے ایک واقعے میں 2 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی بھی ہوئے تھے جب کہ 20 پریزائیڈنگ افسران پولنگ بیگز کے ہمراہ لاپتہ ہوگئے تھے جو اگلے روز صبح 6 بجے آر او دفتر پہنچے۔
حلقہ میں ہنگامہ آرائی کے بعد الیکشن کمیشن نے نتائج روکتے ہوئے پورے حلقے میں دوبارہ انتخابات کا حکم دیا تھا، بعد ازاں سپریم کورٹ نے بھی حلقہ میں دوبارہ الیکشن کا حکم دیا۔