مظاہرین نے اسرائیل اور امریکہ کے خلاف نعرے بازی کی۔فائل فوٹو
مظاہرین نے اسرائیل اور امریکہ کے خلاف نعرے بازی کی۔فائل فوٹو

ملک بھر میں سرکاری و غیر سرکاری طور پر یوم فلسطین منایا گیا

ملک بھر میں آج سرکاری و غیر سرکاری طور پر یوم فلسطین منایا گیا اورغزہ میں اسرائیلی مظالم کے خلاف احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی گئیں۔

فلسطین سے اظہار یک جہتی کے لیے لبرٹی چوک لاہور میں پنجاب حکومت اور سول سوسائٹی کے زیر اہتمام ریلی نکالی گئی جس میں خواتین، بچے بوڑھے اور مختلف اداروں کے ملازمین نے شرکت کی۔ فردوس عاشق اعوان بھی اس ریلی میں شریک ہوئیں۔ مظاہرین نے اسرائیل اور امریکہ کے خلاف نعرے بازی کی۔ انہوں نے فلسطین کے پرچم اٹھا رکھے تھے۔

ریلوے ملازمین نے بھی فلسطین کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے ڈیزل شیڈ رننگ سے مین روڈ تک احتجاجی مظاہرہ کیا اور اسرائیل کا پتلا نذرآتش کیا۔

نماز جمعہ کے بعد ملک بھر میں فلسطینیوں کے حق میں چھوٹے بڑے مظاہرے ہوئے۔  جماعت اسلامی پاکستان کی جانب سے بھی اسلام آباد، لاہور، کراچی، گوجرانوالہ سمیت ملک بھر میں لبیک القدس احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی قیادت میں فلسطین عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلی نکالی گئی جس میں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اور ارکان پارلیمان شریک ہوئے۔

پشاور میں ریلوے ملازمین نے احتجاج کیا اور تمام اسلامی ممالک پر فلسطین کے معاملے پر عملی اقدام اٹھانے کے لیے زور دیا۔ پشاور میں جی ٹی روڈپرقلعہ بالاحصارکے سامنے جے یوآئی نے اسرائیل مردہ باداحتجاج کیا۔ راولپنڈی لال حویلی میں وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کی قیادت میں فلسطین ریلی نکالی گئی۔

جی سکس امام بارگاہ سے ڈی چوک تک فلسطینی عوام پراسرائیلی مظالم کے خلاف مجلس وحدت مسلمین کے زیر اہتمام احتجاجی ریلی نکالی گئی۔

مسلم لیگ ن کے رہنما اور اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ دنیا بھر میں ماؤں نے عید پر اپنے بچوں کیلئے نئے کپڑے خریدے مگر فلسطین میں ماؤں نے اپنے بچوں کیلئے کفن خریدے ، مسئلہ فلسطین پر ہمیں مل بیٹھ کر فیصلہ کرنا ہوگا۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں حمزہ شہباز کا کہنا تھاکہ طیب اردوان کی مشترکہ فوج کی تجویز کی حمایت کرتے ہیں ، متفقہ لائحہ عمل نہ اپنایا تو ائندہ نسلوں کے آگے شرمندہ ہوں گے ، فسلطین اور کشمیر دنیا کی سب سے بڑی جیلیں بن چکی ہیں ، کشمیراور فلسطین کیلئے مل کر بیٹھنا ہوگا ۔