وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہےکہ کئی ملک اس لیے تباہ ہوئے کہ وہاں امیر کے لیے الگ اور غریب کے لیے الگ قانون تھا،کوشش ہے آنے والی نسلوں کو بہتر پاکستان دے کر جائیں۔
ہری پور کے دورے میں بلین ٹری سونامی پراجیکٹ کے جائزے کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلیوں سے پاکستان متاثر ہو رہا ہے،اس کے لیے مزید اقدامات کرنے ہوں گے۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان ورلڈ انوائرمنٹ ڈے کی میزبانی کررہا ہے، ورلڈ انوائرمنٹ ڈے کی میزبانی اعزاز ہے،پاکستان کوکلائمیٹ چینج کے چیلنجز کا سامنا ہے، درخت لگانے کا مقصد کلائمیٹ چینج کے اثرات کو کم کرنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں جنگل تباہ ہونے سے جنگلی حیات نہ ہونےکے برابر ہے، پاکستان ان ملکوں میں ہے جو گلوبل وارمنگ کے خلاف اقدامات کر رہے ہیں،ہم آنے والی نسلوں کے لیے بہتر پاکستان چھوڑ کر جانا چاہتے ہیں۔