وزیرِ ریلوے اعظم خان سواتی کا کہنا ہے کہ ہمارے پاس ریلوے پٹری کو ٹھیک کرنے کے لیے ٹیکنالوجی نہیں ۔
لاہور میں ریلوے ہیڈ کوارٹرز میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ ریلوے اعظم خان سواتی نے کہا کہ ٹریک کی مکمل بحالی تک میں گراؤنڈ پر موجود رہا۔
انہوں نے کہا کہ ٹرین حادثے میں 63 افراد شہید ہوئے، جبکہ حادثے کے 20 زخمی اسپتال میں زیرِ علاج ہیں، ٹرین حادثے میں کُل 107 افراد زخمی ہوئے۔
اعظم خان سواتی نے کہا کہ حادثے میں شہید ہونے والوں کے اہل خانہ کو 15 لاکھ روپے جبکہ اس حادثے کے زخمیوں کو فی کس 3 لاکھ روپے دیئے جائیں گے۔
اعظم خان سواتی نے اعتراف کیا ہے کہ ڈہرکی کے قریب حادثے کا شکار ہونے والی ملت ایکسپریس جب کراچی سے چلی تو اس کی بوگیاں ہل رہی تھیں۔
اعظم سواتی نے کہا کہ ملت ٹرین جب کراچی سے چلی تو بوگیاں ہل رہی تھیں، کوچ نمبر 10 میں بفر نہیں تھے جب کہ بولٹ بھی ٹوٹے ہوئے تھے۔ ملت ایکسپریس کی بوگیاں دوسرے ٹریک پرآگئیں، اسی دوران دوسری ٹرین بوگیوں سے ٹکرا گئیں، ٹرین کی 12 بوگیاں ڈی ریل ہوئیں جو حادثے کی وجہ بنی ، جب حادثہ ہوا تو جانیں بچانے کا بھی موقع نہیں ملا ۔ ریلیف ٹرین 2 گھنٹے تاخیرسے پہنچی۔
اعظم سواتی نے کہا کہ 2014 سے آج تک ریلوے ٹریک پر کوئی خرچہ نہیں ہوا، ریلوے ٹریکس کی صرف مرمت ہوئی ہے، ابتدائی رپورٹ کے مطابق جس جگہ حادثہ ہوا ہے وہاں 8 میل کے ٹریک کی مرمت کی تھی، اس لئے اس بات کا امکان انتہائی کم ہے کہ واقعہ ٹریک کی خرابی کے باعث پیش آیا۔ سکھر کا ٹریک خطرناک ہے،اس لیے کئی مقامات پر ٹرین کی رفتارکی حد مقررکی ہے، ہمیں ہرصورت ریلوے کا نظام بہتر کرنا ہوگا، ریلوے کے پاس چالیس پچاس سال پرانی کوچز ہیں، ہمیں کوچزاورانجنوں کی تبدیلی کی ضرورت نہیں لیکن ہرصورت میں پورے ریلوے ٹریک کواپ گریڈ کرنا ہے۔ ریلوے کی اپ گریڈیشن کے لیے 620 ارب روپے چاہئیں، اتوار یا پیرکو وزیراعظم سے ملاقات کروں گا۔ اگر اس حادثہ کا متبادل میرا استعفیٰ ہے تو بسم اللہ میں اس کے لیے تیار ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ کئی بار کہہ چکا ہوں کہ سکھر کے قریب ریلوے ٹریک کمزور ہے، تاہم ابتدائی تحقیقات میں ٹریک کی خرابی نظر نہیں آئی۔
وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ گزشتہ ہفتے چینی سفیر سے ایم ایل ون کے حوالے سے ڈیڑھ گھنٹے طویل میٹنگ ہوئی، چینی سفیرکو ایم ایل ون پر مختلف تجاویز دی ہیں، چینی سفیر سے کہا کہ ہم نے ایم ایل ون پرآپ کی شرائط تسلیم کرلی ہیں، چینی حکام کو باور کرایا کہ فیز ون میں انسانی جانوں کے ضیاع کا خدشہ ہے۔