سعودی عرب میں پاکستانی سفیر لیفٹیننٹ جنرل (ر) بلال اکبرنے بتایا کہ حق خاص کے مزید چار کیسز حل ہو گئے جس کے بعد سعودی جیل سے رمضان سے اب تک رہا ہونے والے پاکستانیوں کی تعداد 49 ہو گئی ۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز پاکستان کی مخیر شخصیات کی جانب سے قیدیوں کے جرمانے کی رقم ادا کرنے پر پاکستانی سفیربلال اکبرنے ان کا شکریہ ادا کیا اورکہا کہ حق خاص کے چار مزید کیسز حل ہو گئے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پربلال اکبرنے کہا کہ رمضان کے آغاز سے اب تک 49 پاکستانی جیلوں سے رہا ہو چکے ہیں جبکہ 53 کیسز ابھی حل ہونا باقی ہیں ۔
واضح رہے کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے 2019 میں اپنے دورہ پاکستان کے دوران 2017 پاکستانی قیدیوں کی جیلوں سے رہائی کا اعلان کیا تھا ۔ پاکستانی حکام کے مطابق اب تک 1200 سے زائد پاکستانیوں کو سعودی جیلوں سے رہا کیا جا چکا ہے ۔