بجٹ پاس ہونے کے بعد حکومت نے رویہ بدلا تو ہم احتجاج کریں گے۔فائل فوٹو
بجٹ پاس ہونے کے بعد حکومت نے رویہ بدلا تو ہم احتجاج کریں گے۔فائل فوٹو

جہانگیر ترین گروپ حکومت کا ساتھ دے گایا نہیں، فیصلہ ہو گیا؟

جہانگیر ترین گروپ نے آئندہ مالی سال کے بجٹ کی منظوری میں حکومت کا مکمل ساتھ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق تحریک انصاف کے ناراض رہنما جہانگیر ترین سے ان کے ہم خیال گروپ میں شامل ارکان صوبائی و قومی اسمبلی اور وزرانے ملاقات کی، ملاقات کرنے والوں میں صوبائی وزیر نعمان لنگڑیال ، صوبائی وزیراجمل چیمہ، زوار وڑائچ، لالہ طاہر رندھاوا اور سردار خرم لغاری شریک ہوئے۔

ملاقات میں اہم امور پر بات چیت کی گئی، جہانگیرترین کیس کی پیش رفت پر تبادلہ خیال ہوا، سیاسی صورتحال کے تناظر میں آئندہ حکمت عملی کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی ۔ پنجاب حکومت کے وعدوں پر عملدرامد کے حوالے سے بھی جائزہ لیا گیا۔ جب کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ کے حوالے سے بھی حکمت عملی پر مشاورت ہوئی اور فیصلہ کیا گیا کہ ترین گروپ آئندہ مالی سال کے بجٹ کی منظوری میں حکومت کا مکمل ساتھ دے گا۔

جہانگیر ترین گروپ کے اہم رکن اور ممبر قومی اسمبلی راجا ریاض نے کہا ہے کہ جہانگیر ترین گروپ بجٹ کی منظوری میں حکومت کا ساتھ دے گا، جہانگیر ترین اور ہمارا پہلے دن سے موقف تھا کہ ہم تحریک انصاف میں ہیں۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان ہمارے لیڈر ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جہانگیر ترین نے کوئی کرپشن نہیں کی ہے،ہم نے پہلے دن سے ایک ہی بات کی تھی کہ ہمیں انصاف چاہیے،ہمیں آج انصاف ملا ہے جس پر ہم اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں۔

راجہ ریاض نے کہا کہ اگر بجٹ پاس ہونے کے بعد حکومت نے رویہ بدلا تو ہم احتجاج کریں گے،ہمارا گروپ متحد ہے صورتحال دیکھ کر آئندہ کا لائحہ عمل طے کریں گے۔