پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما سید خورشید شاہ نے حکومت کو درپیش تمام مسائل کا واحد حل پیش کر دیا،سید خورشید شاہ نے کہا کہ پارلیمنٹ میں بیٹھ کر تمام مسائل کا حل نکل سکتا ہے ۔
سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سید خورشیدشاہ نے کہا کہ حکومت اپوزیشن کو پیسنے کی بجائے مسائل پر توجہ دے ، حکومت دو سال زراعت پر توجہ دے تو مسائل حل ہو سکتے ہیں ، پارلیمنٹ میں بیٹھ کر تمام مسائل کا حل نکل سکتاہے، افغانستان کے مسئلہ پر حکومت اپوزیشن کو اعتماد میں لے ۔
سید خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ ہم قرضوں میں ڈوب چکے ہیں ، حکومت اوراپوزیشن کو اپنی اپنی جگہ مضبوط ہونا چاہیے، گرے لسٹ سے نکلنے کیلئے مل کر کام کرنا ہوگا، فیٹف کی پابندیوں سے کسی کو بھی خوش نہیں ہونا چاہئے ، 32سال کے کیریئر میں کبھی کوئی کرپشن ثابت نہیں ہو سکی ، پارلیمنٹ کی بالا دستی کی بات کرنے کی سزا دی جا رہی ہے ۔17ارب کے قرض لینے والے ملک کی کونسی خدمت کر رہے ہیں ۔
رہنما پاکستان پیپلزپارٹی نے کہا کہ ملک میں دھماکے ہو رہے ہیں ، عوام خوفزدہ ہیں ، ہمیں تمام پڑوسی ممالک کے حالات کو نظر انداز نہیں کرنا چاہیے ، حکومت کو چاہئے کہ پہلی فرصت میں اپوزیشن کو اعتماد میں لے۔ ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکلنے کی کوشش کرنی چاہیے ، یہ کوئی اچھی خبر نہیں ۔