قومی ایئر لائن پی آئی اے کے ایئر بس طیارے کو اسلام آباد ایئر پورٹ پر حادثہ پیش آیا ہے۔اس حوالے سے ایئر لائن ذرائع نے پی آئی اے کے ایئر بس طیارے کو پیش آنے والے حادثے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا ہے کہ پش بیک کے دوران طیارے اور ٹگ ماسٹر کو جوڑنے والی کنکٹنگ راڈ ٹوٹ گئی۔
ایئرلائن ذرائع کا کہنا تھا کہ کنکٹنگ راڈ ٹوٹنے سے طیارے کے نوز وہیل کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ایئر لائن ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ حادثے کے بعد پی آئی اے کا ایئر بس طیارہ گراؤنڈ کر دیا گیا ہے۔
ایئر لائن ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ حادثے کی وجہ سے اسلام آباد سے کوئٹہ جانے والی پرواز تاخیر کا شکار ہوئی ہے۔دوسری جانب قومی ایئر لائن پی آئی اے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں طیارے کو پیش آنے والے حادثے کی تفصیلات حاصل کی جا رہی ہیں۔