حکومت اپوزیشن کو نشانہ بنانے کا عمل جاری رکھنا چاہتی ہے۔فائل فوٹو
حکومت اپوزیشن کو نشانہ بنانے کا عمل جاری رکھنا چاہتی ہے۔فائل فوٹو

اپوزیشن تیار ہوئی تحریک عدم اعتماد لے آئیں گے۔ بلاول بھٹو

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ہم پنجاب حکومت گرا کرعمران خان کو آسانی سے گرا سکتے ہیں، جیسے ہی اپوزیشن تیار ہوئی تحریک عدم اعتماد لے آئیں گے۔

ملتان میں صحافیوں سے گفتگو کے دوران بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پی ڈی ایم کے دوست عمران خان کے استعفیٰ کے بجائے ہمارے استعفے مانگ رہے تھے، پی ڈی ایم میں جب تک کنفوژن ہو گی مسئلہ حل نہیں ہوگا، ہم نے پی ڈی ایم کو کسی کی مدد کے بغیر حکومت کو شکست دے کر دکھایا ہے، ہم نے وزیراعظم کو سینیٹ الیکشن میں شکست دی، ہم پنجاب حکومت گرا کر عمران خان کو آسانی سے گرا سکتے ہیں، جیسے ہی اپوزیشن تیار ہوئی عدم اعتماد ہو جائے گی، شہباز شریف کو طریقہ کار کے متعلق سب کچھ بتا دیا تھا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ عوام حکومت سے شدید ناراض ہیں، مہنگائی نے عوام کا بھرکس نکال دیا ہے، ہم آج معاشی بحران کا مقابلہ کررہے ہیں، ہمارے دور میں ایسے حالات نہیں تھے، ہم نے مہنگائی کو کم کرنے کے لئے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام جیسے منصوبے دیے، ہم نے پیشن میں سو فیصد اضافہ کیا، ہم لوگوں کو روزگار دیتے ہیں اور یہ لوگ روزگار چھین لیتے ہیں۔

مسلم لیگ (ن) میں اندرونی اختلافات کے حوالے سے چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ شہباز شریف مسلم لیگ (ن) کے صدر ہیں اُن کا فیصلہ حتمی ہونا چاہیے، شہباز شریف کا مسئلہ یہ ہے کہ وہ بیان دیتے ہیں اور پارٹی اس کی تردید کردیتی ہے۔ یا تو شہباز شریف قائد حزب اختلاف کا کردار ادا کریں یا ہمیں اپنا لانے دیں۔