اسلام آباد:الیکشن کمیشن نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فرخ حبیب کو ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے اکاؤنٹس کی دستاویزات کا جائزہ لینے کی اجازت دیدی ۔
مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے اکائونٹس کی جانچ پڑتال کیس میں الیکشن کمیشن نے وزیر مملکت اطلاعات فرخ حبیب کی درخواست منظورکرلی۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے فرخ حبیب نے بتایا کہ الیکشن کمیشن نے ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے ریکارڈز تک رسائی دیدی ہے۔
الیکشن کمیشن نے فنانشل ایکسپرٹ کے ذریعے ریکارڈ کی جانچ پڑتال کی اجازت دی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آج الیکشن کمیشن میں ن لیگ اور پیپلز پارٹی کو شکست ہوئی ہے۔
فرخ حبیب نے کہا کہ پی ٹی آئی کے پاس فنڈ ریزنگ کا تمام ریکارڈ موجود ہے۔ پی ٹی آئی واحد جماعت ہے جن کے تمام ڈونرز کا ریکارڈ موجود ہے۔ پی ٹی آئی نے فنڈز ریزنگ متعارف کرائی ہے۔
وزیر مملکت نے کہا کہ اب پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن اپنے ڈونرز کا ریکارڈ دے دیں۔ مریم نواز اور بلاول کو پتہ چلے گا کہ ان کی جماعتوں کے کتنے جعلی اکاونٹس ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ن لیگ اور پیپلزپارٹی کے پارٹی کے اکاونٹ کے گھپلوں کی نشاندہی کی ہے۔ الیکشن کمیشن سے التجا ہے کیس کا جلد فیصلہ ہو اوران کے چہرے سامنے آئیں۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے منی لانڈرنگ انہی اکاؤنٹس سے کی۔ ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے پارٹی اکاؤنٹس منی لانڈرنگ میں استعمال ہوئے ہیں۔