کراچی:15سالہ لڑکی کےپراسرارقتل کامقدمہ نامعلوم ملزمان کےخلاف درج

رپورٹ:شرجیل مدنی

گلستان جوہر میں 15 سالہ لڑکی کے قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا ، باپ کی مدعیت میں درج کیے جانے والے مقدمے میں کسی کو نامزد نہیں کیا گیا ، اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ پراسرار ہے ، تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے ، جلد ہی کیس حل کرلیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق بدھ کو گلستان جوہر کے بلاک 11 ذکری گوٹھ میں گھر کی دہلیز پر نامعلوم افراد نے 15 سالہ لڑکی قمروش دختر زین العابدین پر فائرنگ کردی جس سے وہ سر پر گولی لگنے سے موقع پر ہی جاں بحق ہوگئی ، شارع فیصل پولیس نے واقعے کا مقدمہ الزام نمبر 1462/2021 بجرم دفعہ 302 کے تحت مقتولہ کے والد زین العابدین کی مدعیت میں درج کرلیا ، ایف آئی آر کے مطابق وقوعہ کے وقت زین العابدین گھر پر نہیں تھے ، انھیں ان کی اہلیہ نے فون کرکے گھر بلایا ، جب وہ وہاں پہنچے تو گھر کے دروازے پر اپنی بیٹی کی لاش دیکھی ، انھوں نے فوری طور پر پولیس مددگار ہیلپ لائن 15 کو آگاہ کیا اور لاش کو جناح اسپتال منتقل کیا ، ایف آئی آر میں مزید کہا گیا ہے کہ وہ ملزمان کے بارے میں کچھ نہیں جانتے ، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ پراسرار ہے ، واقعے کا مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے ، فوری طور پر واقعے کی نوعیت کے بارے میں کچھ نہیں کہا جاسکتا ، جلد ہی کیس میں پیش رفت ہوگی اور کیس حل کرلیا جائے گا۔

اس حوالے سے با خبر ذرائع کا کہنا ہے کہ گلستان جوہر میں قتل ہونے والی 15 سال کی لڑکی کا کیس پولیس کے لیے معمہ بن گیاہے۔ لڑکی کے قتل کے مقدمے میں قتل کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔لڑکی کے والد کے مطابق بیوی نے بتایا کہ کسی نے دروازہ کھٹکھٹایا تو بیٹی دروازے پرگئی اور دروازہ کھولتے ہی نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کر دی۔

مقدمے کے متن کے مطابق مقتولہ کو پیشانی پر گولی ماری گئی ہے، ملزمان تاحال پولیس کی گرفت میں نہیں آسکے ہیں، لڑکی کو کس نے اور کیوں قتل کیا ؟ کیس پولیس کے لیے چیلنج بن گیا ہے۔