ثاقب نثار کی آڈیو ٹیپ۔ تحقیقاتی کمیشن تشکیل دینے کی درخواست سماعت کیلیے مقرر

اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کی آڈیو ٹیپ اور عدلیہ پر دیگر الزامات کی تحقیقات کے لیے کمیشن تشکیل دینے سے متعلق درخواست سماعت کے لیے مقرر کردی ہے۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس اطہر من اللہ پیرکی صبح سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کی آڈیو ٹیپ اورعدلیہ پردیگرالزامات کی تحقیقات کے لیے کمیشن تشکیل دینے سے متعلق درخواست پر سماعت کریں گے۔

تحقیقاتی کمیشن کی تشکیل کے لیے درخواست سندھ ہائی کورٹ بارکے صدر صلاح الدین احمد اور سید حیدر امام رضوی نے دائرکی ہے۔ درخواست میں سیکریٹری قانون اور چاروں صوبوں کے محکمہ داخلہ سیکرٹریزکو فریق بنایا گیا۔

درخواست میں موقف اختیارکیا گیا ہے کہ سابق چیف جسٹس ثاقب نثار سے منسوب آڈیو ٹیپ نے عدلیہ کے وقار کو نقصان پہنچایا ہے ،آڈیو ٹیپ سے تاثر ملتا ہے کہ عدلیہ بیرونی قوتوں کے دباؤ میں ہے، عدلیہ کی آزادی کے تحفظ کے لیے یہ تعین کرنا ضروری ہے کہ آڈیو جعلی ہے یا اصلی؟

درخواست مٰں مزید کہا گیا ہے کہ آئینی عدالت ہونے کے ناطے عوام کا آزاد اورغیر جانبدار عدلیہ پر اعتماد بحال کرنا ضروری ہے، عدلیہ کو اپنے نام کے تحفظ کے لیے آزاد خودمختار کمیشن تشکیل دینا چاہیے ، اچھی شہرت کے حامل ریٹائرڈ جج،وکیل ،صحافی، سول سوسائٹی کے افراد پر مشتمل آزاد خود مختار کمیشن تشکیل دیا جائے، جو سابق چیف جسٹس ثاقب نثار سے منسوب مبینہ آڈیو ٹیپ کی چھان بین کرے۔