اسلام آباد:مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما احسن اقبال نے چیئرمین نیب اورڈی جی نیب کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ ( ای سی ایل) میں ڈالنے کا مطالبہ کر دیا۔
میڈیا سے گفتگو میں احسن اقبال نے کہا کہ میں آئندہ عدالت پیشی پر چیئرمین نیب اور ڈی جی نیب کے نام ای سی ایل میں ڈالنےکی درخواست کروں گا۔سرکاری دفاتر میں افسران کوئی فیصلہ کرنے کو تیارنہیں ، سرمایہ کار پاکستان میں پیسہ لگانے کو تیار نہیں ،جھوٹے کیسز بنانے پرقوم ان کا احتساب کرے گی ۔
احسن اقبال نے کہا کہ حکومت ٹیکس اکٹھا کرنے میں ناکام ہو چکی ہے ،برآمدات میں میں اضافے پر بھی انہیں ناکامی کا سامنا ہے ،اپنی نالائقیوں، نااہلی اور ناکامی پر پردہ ڈالنے کیلیے انہوں نے قرض لیا، آج معیشت کے ساتھ سی پیک کا بھی ستیاناس ہو چکا ہے ،گزشتہ تین سال میں سی پیک پر ایک پیسہ بھی نہیں لگایا گیا ، سی پیک کا مغربی روٹ تین سال کی تاخیر کا شکار ہے ۔
رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ گوادر سی پیک کا گیٹ وے ہے مگرآج گوادر کے عوام بھی احتجاج کر رہے ہیں،عوام کے کان ایک ہی تقریر سن سن کر پک چکے ہیں ،حکومت کی تباہ کاریوں کا جواب کون دے گا۔