ایم کیو ایم پاکستان کا سڑکوں پرنکلنے کا اعلان

کراچی:متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے سندھ میں نئے بلدیاتی نظام کے خلاف سڑکوں پرنکلنے کا اعلان کردیا۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے خالدمقبول صدیقی نے سندھ کے نئے بلدیاتی نظام کو مسترد کردیا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی حکومت سے پہلے کراچی ایسا تباہ حال نہ تھا، غیرمعینہ مدت کیلیے ایڈمنسٹریٹر لگاکر تماشہ لگایاہواہے، اب ہمارےپاس سڑکوں آنے کےعلاوہ کوئی راستہ نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی کے حالات پر11دسمبرکوآل پارٹیز کانفرنس بلائی ہے، پیپلز پارٹی کی حکومت نے بلدیاتی نظام میں اجارہ داری قائم کی ہوئی ہے ، ترقیاتی فنڈز الیکشن مہم پر لگائے جارہے ہیں، سندھ کے شہری علاقوں میں پی پی پی کی نمائندگی نہ ہونے کے برابر ہے لیکن صوبے کے تمام اختیارات انہیں دے دیے گئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہاکہ آئین کے آرٹیکل 140 کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سندھ میں بلدیاتی نظام بنایا گیا ہے، چیف جسٹس سندھ حکومت کے زبردستی بنائے گئے بلدیاتی نظام پر ازخود نوٹس کب لیں گے۔