ملزم حلیم شاہ شیرازی پاکستان تحریک انصاف کے سابقہ امیدواراور پی ٹی آئی میڈیا سیل کے انچارج بھی ہیں۔فائل فوٹو
ملزم حلیم شاہ شیرازی پاکستان تحریک انصاف کے سابقہ امیدواراور پی ٹی آئی میڈیا سیل کے انچارج بھی ہیں۔فائل فوٹو

دھاندلی پرخاتون پریذائیڈنگ آفیسر شوہر سمیت گرفتار

پشاور:بیلٹ پیپر اور دھاندلی کے معاملے پر خاتون پریذائیڈنگ آفیسرکے بعد دھاندلی میں ملوث ان کے شوہرکو بھی گرفتارکرلیا گیا۔ پولیس نے کڑی نگرانی میں ملزم حلیم شیرازی کو تھانہ منتقل کر دیا ۔

اسسٹنٹ کمشنر احتشام خان کا کہنا ہے کہ متعلقہ پولنگ اسٹیشن کے تمام عملے کو ہتکھڑیاں لگا کرتھانہ لیجایا جائے گا، تمام عملے کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے گا۔

پریذائڈنگ افسر تحسین بیگم کو حفاظتی حصار میں پولیس اسٹیشن منتقل کر دیا گیا۔ پولنگ اسٹیشن پر حالات کشیدہ ہوگئے، جس کے بعد پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی۔

پولیس کے مطابق ملزم حلیم شاہ شیرازی پاکستان تحریک انصاف کے سابقہ امیدواراور پی ٹی آئی میڈیا سیل کے انچارج بھی ہیں۔

ملزم کا کہنا ہے کہ میں بے گناہ ہوں، اپنی بیوی سے ملنے آیا تھا، سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، بیلٹ پیپر پر ٹھپے لگانے کے الزام میں کوئی صداقت نہیں۔

صوبائی الیکشن کمشنر شریف اللہ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ باقی تحقیقات کے بعد جو بھی ملوث ہوگا اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ پولنگ کے لیے نیا عملہ تعینات کیا جائے گا۔

شریف اللہ کا کہنا ہے کہ انتخابی مواد محفوظ ہے، جو نئے عملے کو ریٹرننگ افسر کے سامنے حوالے کیا جائے گا۔ کہیں سے بھی دھاندلی کی اطلاع آئی تو عملہ کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔