اسلام آباد: ہتک عزت کیس میں نون لیگ کے رہنما خواجہ آصف نے وزیراعظم عمران خان پر جرح کا حق ختم کرنے کا فیصلہ چیلنج کردیا۔
وزیراعظم عمران خان نے شوکت خانم سے متعلق معاملات میں الزامات لگانے پر خواجہ آصف کے خلاف 10 ارب روپے ہرجانے کا دعویٰ دائرکر رکھا ہے۔ ایڈیشنل سیشن جج محمد عدنان کی طرف سے وزیراعظم عمران خان کے بیان پر جرح کا حق ختم کردیا گیا۔
خواجہ آصف نے عمران خان کے بیان پرجرح کا حق ختم کرنے کا آرڈراسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا۔
خواجہ آصف نے درخواست میں ایڈیشنل سیشن جج اور عمران احمد خان کو فریق بناتے ہوئے کہا کہ عدالت نے ای کورٹ کے ذریعے وزیراعظم کا بیان وکیل صفائی کی عدم موجودگی میں ریکارڈ کیا، وکیل نے خرابی صحت کے باعث عدالت کو آگاہ کیا تھا کہ وہ 17 دسمبر کو پیش نہیں ہو سکتے، عدالت نے قانون کا حوالہ دیے بغیر جلدبازی میں فیصلہ سنایا، جرح کا حق ختم کرنے کا آرڈر کالعدم قرار دیا جائے۔
واضح رہے کہ عمران خان نے شوکت خانم میموریل اسپتال سے متعلق بیان پر15 نومبر2012 کو خواجہ آصف کے خلاف ہرجانے کا دعویٰ دائرکیا تھا۔