اسد عمر توہین عدالت نوٹس جاری

عمران خان کو کچھ ہوا تو حالات قابو میں نہیں رہیں گے۔اسد عمر

اسلام آاد:پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد عمرکا کہنا ہے کہ عمران خان کو کچھ ہوا توکوئی حالات قابو میں نہیں رکھ سکے گا۔

اسد عمر نے میڈیا سے گفتگو کے دوران پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کی سیکیورٹی سے متعلق خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کو سیکیورٹی کا خطرہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ فیصلے کرنے کا وقت آگیا ہے، فیصلہ کرنے والے کان کھول کرسن لیں، تاریخ معاف نہیں کرتی۔

ان کا کہنا تھا کہ قوم کھڑی ہو چکی ہے، قوم نے فیصلہ کر لیا ہے کہ اللہ کے علاوہ کسی کے سامنے سر نہیں جھکانا، لانگ مارچ میں آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور کے پی سے لوگ اسلام آباد پہنچیں گے، اس کے علاوہ سندھ اور بلوچستان کی نمایندگی بھی ہو گی۔چیئرمین پی ٹی آئی کی سکیورٹی سے متعلق سوال پر اسد عمر کا کہنا تھا کہ حکومت مکمل طور پر عمران خان کی سکیورٹی کی ذمہ دار ہے، اگر عمران خان کو کچھ ہوتا ہے تو پھر پاکستان میں کوئی حالات کو قابو میں نہیں رکھ سکے گا۔

کراچی میں لوڈ شیڈنگ سے متعلق بات کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ کراچی کے لوگ ایم کیو ایم سے پوچھیں وفاق پچھلے سال کتنی بجلی کراچی کو دے رہا تھا اور اب کتنی بجلی فراہم کی جا رہی ہے اور گزشتہ برس کے مقابلے میں اس میں کتنی کمی ہوئی ہے، کراچی والے ایم کیو ایم سے پوچھیں کہ شہر سے زیادتی کے خلاف انھوں نے کتنے مظاہرے کیے۔

اسلام آباد کال سے متعلق سوال پر اسد عمر نے کہا کہ مجھے بھی نہیں معلوم کہ عمران خان اسلام آباد کی کال کب دیں گے، دھرنے سے متعلق عمران خان وقت آنے پر فیصلہ کریں گے۔

اسد عمر نے کہا کہ آزاد کشمیر، گلگت بلتستان، کے پی کے لوگ اسلام آباد پہنچیں گے، لانگ مارچ میں سندھ اور بلوچستان کی نمائندگی بھی ہوگی، کراچی، حیدرآباد، سکھراورکوئٹہ کے لوگ اپنے شہروں میں سڑکوں پرہوں گے۔