اسلام آباد ہائی کورٹ نے گورنر پنجاب کی برطرفی پرلارجر بنچ تشکیل دیدیا

اسلام آباد ہائی کورٹ نے عمر سرفراز چیمہ کی گورنر پنجاب کے عہدے سے برطرفی کے خلاف درخواست پر لارجر بنچ تشکیل دیدیا۔

ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے عمر سرفرازچیمہ کی گورنر پنجاب کےعہدے سے برطرفی کے خلاف درخواست پر سماعت کی۔

عمر سرفراز چیمہ کے وکیل بابراعوان نے عدالت کو بتایا کہ عمرسرفراز چیمہ کی درخواست پر رجسٹرارآفس نے دو قسم کے اعتراضات لگائے ہیں ایک یہ کہ برطرفی کی واٹس ایپ کاپی لگائی گئی ، دوسرا یہ کہ اس عدالت کا دائرہ اختیار نہیں۔

چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیے کہ یہ ڈی نوٹی فائی تو وفاق نے کیا ہے، یہ پارلیمانی نظام حکومت ہے صدارتی نظام حکومت نہیں، صدر کا کہاں کیا اختیار ہے کہاں ان پر بائنڈنگ ہے یہ تو پہلے سے طے شدہ ہے ۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے عمر سرفراز چیمہ کی درخواست پراعتراضات ختم کرکے لارجربنچ تشکیل دے دیا اورکیس کی سماعت منگل تک ملتوی کردی۔