گھناؤنے جرم میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی ہو گی۔فائل فوٹو
گھناؤنے جرم میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی ہو گی۔فائل فوٹو

طیبہ گل اسکینڈل پرانکوائری کمیشن بنانے کا فیصلہ

اسلام آباد:حکومت نے طیبہ گل اسکینڈل پرانکوائری کمیشن بنانے کا فیصلہ کرلیا۔

کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں وفاقی وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ اجلاس میں پٹرول قیمتوں میں کمی کے بعد ٹرانسپورٹ کرایوں میں صوبائی سطح پرمکمل مانیٹرنگ کی ہدایت کی گئی ہے، لگژری آئٹمزکی امپورٹ پر پابندی کے فیصلے کی بھی توثیق کی گئی۔

مریم اورنگزیب نے بتایا کہ کابینہ نے سپریم کورٹ کے ازخود نوٹس کے تحریری فیصلے کا خیر مقدم کیا، ثابت ہو گیا ہے کہ سابق حکومت نے آئین شکنی کی، فیصلے کی روشنی میں کابینہ کی خصوصی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے، کمیٹی اپنی سفارشات مرتب کرکے کابینہ کے آئندہ اجلاس میں پیش کرے گی۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ طیبہ گل کا معاملہ بھی کابینہ اجلاس میں زیربحث آیا، کل وزیراعظم ہاؤس سے طبیہ گل کے ساتھ رابطہ کیا گیا، توانہوں نے بتایا کہ انہیں اغوا کر کے 18 روز تک وزیراعظم ہاؤس میں رکھا گیا، طیبہ گل سے تمام ثبوت لے لیے گئے، وزیراعظم ہاؤس سے چیئرمین نیب کو بلیک میل کرکے انہیں سیاسی مقاصد کیلیے استعمال کیا گیا۔

وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ طیبہ گل  کے معاملے پر آزاد اور شفاف انکوائری کمیشن بنایا جائے گا اور ملوث افراد کے خلاف انکوائری کمیشن کی رائے کے مطابق کارروائی کی جائے گی، اس کمیشن کے پیچھے کوئی سیاسی مقاصد نہیں ہیں۔

 مریم اورنگزیب نے کہا کہ اس گھناؤنے جرم میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی ہو گی۔انہوں نے کہا کہ طیبہ گل نے سابق چیئرمین نیب کے خلاف شکایت کی تھی، حکومت کی جانب سے شفاف انکوائری کے تحت سب کچھ عوام کے سامنے رکھا جائے گا۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے طیبہ گل اسکینڈل پرچیئرمین نیب کو بلیک میل کیا۔پی ٹی آئی حکومت چیئرمین نیب کو بلیک میل کرکے ذاتی مقاصد کیلئے استعمال کرتی رہی۔