کالعدم ٹی ٹی پی کے مخالف گروپ مذاکرات نہیں چاہتے،معاون خصوصی خیبرپختون
کالعدم ٹی ٹی پی کے مخالف گروپ مذاکرات نہیں چاہتے،معاون خصوصی خیبرپختون

سوات کی صورتحال سے طالبان نے لا تعلقی کا اظہارکیا ہے، بیرسٹر سیف

پشاور: وزیراعلیٰ خیبر پختون کے معاون خصوصی برائے اطلاعات بیرسٹرسیف کا کہنا ہے کہ سوات میں آئے ہوئے مسلح لوگوں کی تعداد 40 سے 50 تک تھی۔

پشاورمیں پریس کانفرنس کرتے ہوئے معاون خصوصی اطلاعات خیبرپختون بیرسٹرمحمد علی سیف نے کہا کہ مقامی ڈی ایس پی اسی اطلاع پرعلاقے میں گئے، سوات کی صورتحال سے طالبان نے لاتعلقی کا اظہار کیا ہے، کالعدم تحریک طالبان ہمارے ساتھ خلوص کے ساتھ بات کر رہی ہے۔

بیرسٹر سیف نے کہا کہ کالعدم ٹی ٹی پی کے مخالف گروپ مذاکرات نہیں چاہتے، بھتہ خوری اورپولیس پرحملے کے واقعات مذاکرات ناکام بنانے کیلئے ہورہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اکا دکا واقعات ہو رہے ہیں لیکن خطرے کی کوئی بات نہیں، صوبائی حکومت کے طالبان کے سامنے سرینڈر ہونے میں کوئی حقیقت نہیں،اے این پی دورمیں معاہدے ہوئے تھے ہمارے دور میں نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے سیاست چمکانے کے لیے شمالی وزیرستان جرگہ بھیجا ہے۔