اسلام آباد: تحریک انصاف کی شہباز گل کے ساتھ اظہار یکجہتی کی ریلی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی قیادت میں فیض آباد کے مقام پر موجود ہے۔
پی ٹی آئی کے کارکنان ایف نائن پارک پہنچنا شروع ہو گئے ہیں جب کہ بڑی تعداد میں فیملیز کی بھی ایف نائن پارک آمد جاری ہے۔ کارکنان نے ہاتھوں میں پارٹی پرچم اٹھا رکھے ہیں۔
دوسری جانب اسلام آباد انتظامیہ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کو ریلی کی اجازت دینے سے منع کردیا۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کے ترجمان کے مطابق تحریک انصاف نے ریلی کی اجازت اور سکیورٹی کے لیے درخواست دی تھی، ٹھوس وجوہات کی بنا پر ریلی نکالنے اور سکیورٹی دینے سے معذرت کی گئی۔
ترجمان کا کہنا ہےکہ اسلام آباد میں سکیورٹی وجوہات پرکئی روز سے دفعہ 144 نافذ ہے، قیادت کے ساتھ ساتھ ریلی شرکاء کی قیمتی جانیں بھی خطرے سے دوچار ہو سکتی ہیں۔
ترجمان کے مطابق زیرو پوائنٹ سے ایف 9 پارک تک روڈ پر ٹریفک کا شدید دباؤ بھی سکیورٹی رسک بن سکتا ہے۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کے ترجمان نے مزیدکہا کہ پی ٹی آئی رہنما علی نواز اعوان کی درخواست کا بروقت جواب بھجوا دیا گیا ہے۔