اسلام آباد: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان انسداد دہشت گردی عدالت میں ضمانت قبل ازگرفتاری کی درخواست دائر کر دی ۔ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست بابر اعوان اور علی بخاری کے ذریعے عدالت میں دائر کی گئی ہے ۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ پولیس نے انتقامی کارروائی کے تحت انسداد دہشت گردی کا مقدمہ بنایا۔ عدالت ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست منظور کرے۔درخواست پر انسداد دہشت گردی عدالت کے جج راجہ جواد عباس سماعت کریں گے۔
خیال رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے راہداری ریمانڈ منظور کرتے ہوئے عمران خان کو تین دن کے اندر ٹرائل کورٹ میں پیش ہونے کا حکم دیا تھا اور اسلام آباد ہائیکورٹ سے ملنے والی حفاظتی ضمانت کا آج آخری دن تھا۔
واضح رہے کہ 20 اگست کو پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے شہباز گل پر مبینہ تشدد کے خلاف آئی جی اور ڈی آئی جی اسلام آباد پرکیس کرنےکا اعلان کیا تھا اور دوران خطاب عمران خان نے شہباز گل کا ریمانڈ دینے والی خاتون مجسٹریٹ زیبا چوہدری کو نام لےکر دھمکی بھی دی تھی۔
دوسری جانب جوڈیشل کمیشن کے باہر سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں ، اسلام آباد پولیس کی بھاری نفری جوڈیشل کمپلیکس کے اطراف تعینات کی گئی ہے جبکہ کمپلیکس جانے والے تمام راستوں کو خاردار تاریں لگا کر بند کیا گیا ہے اور چار سو سے زائد سیکورٹی اہلکار تعینات جوڈیشل کمیشن کے باہر تعینات کردیے گئے ۔