اسلام آباد:بغاوت کیس میں گرفتار پی ٹی آئی رہنما شہباز گِل کی ضمانت خارج ہونے کا تحریری فیصلہ جاری کردیا گیا۔
اسلام آباد ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس کے جج ظفر اقبال نے بطورڈیوٹی جج 8 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا۔
تحریری فیصلے کے مطابق ملزم شہبازگِل سیکشن 131 کے تحت جرم کا مرتکب ہوا ہے، ان کے خلاف ریکارڈ پر ٹھوس ثبوت ہیں، ضمانت خارج کی جاتی ہے۔
فیصلے میں کہا گیا کہ تھانہ کوہسار میں درج مقدمے پر ملزم نے ضمانت بعد ازگرفتاری کے لیے درخواست دائر کی تھی، مقدمے کے مطابق ملزم شہباز گِل نے افواجِ پاکستان کے خلاف اکسانے کی کوشش کی، شہباز گِل نے افواج پاکستان کی بدنامی اور گروپنگ کے حوالے سے بیان دیا۔
فیصلے کے مطابق پراسیکیوٹر کے مطابق ملزم بیپر پر دیے گئے بیان سے انکاری نہیں ہوا، مقدمے میں ملزم کا مخصوص بیان نہیں درج کیا گیا، ٹرانسکرپٹ سے ملزم کا جرم ثابت ہوتا ہے۔
تحریری فیصلے میں یہ بھی کہا گیا کہ پراسیکیوٹرکے مطابق شہباز گِل نے 12قوانین کی خلاف ورزی کی لیکن بغاوت پر اکسانے کی دفعہ متعلقہ ہے۔