اسلام آباد: صدر مملکت عارف علوی نے کہا ہے کہ پانی ذخیرہ کرنے کیلئے ڈیم وقت کی ضرورت بن چکا ہے، صوبوں میں اعتماد فروغ دے کر کالا باغ کا مسئلہ حل کرنا ہوگا۔دورہ پشاور کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا میں بہترین اقدامات کرنے سے سیلاب سے نقصانات کم ہوئے، پاک فوج نے سیلاب میں بہترین کردار ادا کیا، حکومت اور مخیر حضرات بھی اس صورتحال میں اچھا کام کر رہے ہیں۔
صدر علوی کا کہنا تھا کہ پانی ذخیرہ کرنے کیلیے ڈیم وقت کی اہم ضرورت بن چکا ہے، لیکن کالا باغ ڈیم کا مسئلہ اعتماد سازی میں فقدان کی وجہ سے حل نہیں ہو رہا، اس اہم مسئلے کے حل کے لیے صوبوں میں اعتماد سازی کو فروغ دینا ہوگا۔
انہوں نے ملکی سیاسی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان معاملات الیکشن کے پوائنٹ پر رکے ہوئے ہیں، سیاسی کشیدگی کے خاتمے کے لیے اپنا کردار ادا کر رہا ہوں عمران خان اور وزیراعظم دونوں کے ساتھ رابطے میں ہوں۔
صدر مملکت نے کہا کہ آئی ایم ایف کا معاہدہ ملکی مفاد میں بہتر ہے اس سے معاشی بحران میں کمی آئیگی اور دیگر ممالک کا بھی پاکستان پر اعتماد بڑھے گا۔