بی آئی ایس پی کے ذریعے متاثرین کو 70 ارب روپے پہنچائیں گے۔فائل فوٹو
بی آئی ایس پی کے ذریعے متاثرین کو 70 ارب روپے پہنچائیں گے۔فائل فوٹو

سیلاب متاثرین کی امداد 28 ارب روپے سے بڑھا کر70ارب روپے مختص

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے سیلاب متاثرین کے لیے مختص امداد 28 ارب روپے سے بڑھا کر70 ارب روپے کردی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم میاں شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں سرکاری حج کوٹا، سیلاب متاثرین کی امداد سمیت دیگر امور زیر بحث آئے۔

وفاقی حکومت نے سیلاب متاثرین کے لیے امداد میں اضافہ کردیا ۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ وفاقی حکومت نے سیلاب متاثرین کے لیے امداد بڑھا کر 28 ارب سے 70 ارب روپے کر دی ہے، اب تک 20 ارب روپے سیلاب متاثرین میں تقسیم ہوچکے ہیں۔

وزیراعظم نے بتایا کہ 15 ارب روپے کی گرانٹ سندھ کے لیے، 10 ارب روپے صوبہ بلوچستان کے لیے، 3 ارب گلگت بلتستان کے لیے اور 10 ارب روپے خیبر پختونخوا کے لیے ہیں۔

وزیراعظم نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کو فی کس 10 لاکھ روپے دیے جا رہے ہیں جب کہ فی متاثرہ خاندان 25 روپے مختص ہیں، بی آئی ایس پی کے ذریعے متاثرین کو 70 ارب روپے پہنچائیں گے، یو اے کی طرف سے 50 ملین ڈالر کا امدادی سامان پہنچنا شروع ہوگیا، ترکی، سعودی عرب، چائنہ سے امدادی سامان آ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ متاثرہ علاقوں کا ابتدائی تخمینہ 28 ارب روپے لگایا گیا ہے، پاکستان میں موجود چینی کمپنیوں نے کروڑوں روپے کے چیک دیے ہیں، چین نے دو روز قبل 400 ملین کی اضافی امداد کا اعلان کیا ہے۔