لاپتہ شہری کی بازیابی کیلیے ایجنسیزکو کل تک مہلت

اسلام آباد ہائی کورٹ نے لاپتہ شہری کی بازیابی کے لیےآئی جی اسلام آباد، چیف کمشنر اور ایجنسیوں کو کل تک کی مہلت دے دی۔

ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے لاپتہ شہری حسیب حمزہ کی بازیابی کیلیے دائر درخواست پر سماعت کی۔ ہائی کورٹ نے آئی جی اسلام آباد کو دو بجے طلب کرلیا۔

درخواست گزار ذوالفقار کے وکیل نے کہا کہ  22 اگست کو گھر سے درخواست گزار کے بیٹے کو اٹھایا گیا، پولیس میں ایف آئی آر درج کرنے کی درخواست دی مگر کچھ نہیں ہوا، پولس نے کہا ہمارے پاس نہیں ایجنسیوں کے پاس ہے۔

سماعت میں وقفے کے بعد آئی جی اسلام آباد اکبر ناصر خان عدالت میں پیش ہوئے اور بتایا کہ اس کیس میں ایک ایف آئی آر درج ہوئی ہے۔

چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیے کہ آئی جی صاحب یہ ناقابل برداشت ہے ، ایک شہری اس عدالت کے دائرہ اختیار سے اٹھایا گیا ہے ، تمام سیکٹر کمانڈراور چیف کمشنر سب کے ساتھ اسے تلاش کریں ، اگرآپ اس کو تلاش نہیں کرتے تو آپ سب کے خلاف کارروائی ہو گی ،اگر یہ شہری نہیں ملتا تو کل صبح دس بجے آپ اور چیف کمشنر پیش ہوں، اگر شہری بازیاب نہ ہوتو آئی ایس آئی ، ملٹری انٹیلی جنس، آئی بی، اسپیشل برانچ کے سیکٹر کمانڈر پیش ہوں۔