لندن: وزیراعظم کی شاہ چارلس سے ملاقات، ملکہ کی وفات پر اظہار تعزیت کیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے لندن میں بادشاہ کی طرف سے معزز مہمانوں کے لئے دیئے گئے استقبالیے کے دوران بادشاہ چارلس سے ملاقات کی اور ان کی والدہ ملکہ الزبتھ کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کے عوام کو آنجہانی ملکہ کے دو پاکستانی دورے اچھی طرح یاد ہیں، شاہی خاندان اور پاکستانی قوم کے درمیان پیار کا رشتہ وقت کے ساتھ ساتھ مزید مضبوط ہوا۔
پاکستان کے عوام اور حکومت کی جانب سے وزیراعظم نے عہدہ سنبھالنے پر کنگ چارلس سوئم کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور اس امید کا اظہارکیا کہ وہ دولت مشترکہ ممالک کے درمیان دوستی کو مزید مضبوط بنانے میں اپنی والدہ کی میراث کو آگے بڑھائیں گے، پاکستان کے عوام نے ملکہ برطانیہ کا بہت احترام کیا اورجلد از جلد پاکستان میں ان کے استقبال کے منتظر تھے۔
وزیر اعظم نے شاہی خاندان کی جانب سے غیر معمولی سیلاب کے تناظر میں اظہار ہمدردی اور مدد پر برطانوی بادشاہ کا شکریہ بھی ادا کیا، مدد کی اپیل اور برطانوی حکومت اور عوام دونوں کی طرف سے ردعمل کو پاکستان میں بے حد سراہا گیا۔